سوات: شانگلہ میں فورسز کے ساتھ جھڑپ ،3شدت پسند ہلاک
ضلع شانگلہ میں سیکیورٹی فورسز کے ساتھ جھڑپ میں تین شدت پسند ہلاک ہوگئے۔ذرائع کے مطابق آج صبح ضلع شانگلہ کے علاقے الوچ میں سیکیورٹی فورسز کی جانب سے سرچ آپریشن جاری تھا کہ اس دوران شدت پسندوں نے سیکیورٹی فورسز پر فائرنگ شروع کردی۔سیکیورٹی فورسز نے جوابی کارروائی کرتے ہوئے تین شدت پسندوں کو ہلاک کردیا جبکہ شدت پسندوں کے ساتھی فرار ہوگئے۔ہلاک ہونے والے شدت پسندوں کے قبضے سے اسلحہ برآمد کرلیا گیا۔
حیدرآباد: سی آئی ڈی دھماکا، ملزمان کی موجودگی کی اطلاع پر سیکورٹی ہائی الرٹ
کراچی میں سی آئی ڈی کی عمارت پر ہونے والے بم دھماکے میں ملوث ملزمان کی حیدرآباد میں موجودگی کی اطلاع پر شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کر دی گئی ۔پولیس ذرائع کے مطابق تین روز قبل سی آئی ڈی بلڈنگ کراچی میں ہونے والی بدترین دہشت گردی میں ملوث ملزمان کی حیدرآباد شہر میں موجودگی کے اطلاع کے بعد شہر بھر میں سیکیورٹی ہائی الرٹ کردی گئی ہے۔ہر جگہ پولیس کے دستے نظر آرہے ہیں اور شہر کے مختلف چوراہوں اور شاہراہوں پر ہر آنے جانے والی گاڑی کی جامع تلاشی لی جارہی ہے۔ڈی پی او حیدرآباد منیر شیخ نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ عیدالاضحیٰ کے موقع پر سیکیورٹی کے انتظامات مزید سخت کیے گئے ہیں۔
اسلام آباد: حکیم اللہ محسود کا اہم ساتھی محمد رفیق اسلام آباد سے گرفتار
کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے امیرحکیم اللہ محسود کا اہم ساتھی محمد رفیق اسلام آباد سے گرفتار کرلیا گیا ہے۔ ایس ایس پی اسلام آباد طاہر عالم کے مطابق کالعدم تحریک طالبان کے اہم رہنما محمد رفیق کو گرفتار کر لیا گیا ہے ، انہوں نے کہا کہ ملزم پولیس افسر کو کتابوں کا تحفہ دیکر گیا جس میں بم تھا،ایس ایس پی طاہر عالم کا کہنا تھا کہ پولیس اہل کار سے ملزم کا خاکہ بنوایا گیا جس کی مدد سے اسے گرفتار کیا گیا ہے ، ایس ایس پی طاہر عالم کے مطابق ملزم محمد رفیق کا بیٹا نیول ہیڈ کوارٹر کے سامنے خود کش حملے میں ملوث تھا، ذرائع کے مطابق تحریک طالبان کے گرفتار کمانڈر محمد رفیق کا تعلق اورکزئی سے ہے، اور وہ حکیم اللہ محسود کے اہم ساتھیوں میں سے ہے۔
........
/110